لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر محمد اورنگزیب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے معاشی بہتری کیلئے عوام دوست فیصلوں کی توقع ہے، مل جل کر پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز شریف کا پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا سنگ میل ہے، ان کے سماجی فلاح کے اقدامات نہایت احسن ہیں۔
صوبائی وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔