اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ٹیکس اور محصولات بڑھانے کیلئے پاکستان میں بہتر ٹیکس نظام ناگزیر ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی ٹیکس محتسب کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے صدر مملکت کو محتسب کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب میں 8128 شکایات حل، 17 ارب سے زائد کا ریلیف دیا گیا، محتسب نے 2023 میں ٹیکس ، کسٹم حکام کی بدانتظامی کے خلاف 8,128 شکایات کا ازالہ کیا۔
عارف علوی کو بریفنگ دی گئی کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے سال 2022ء میں 6,106 شکایات کا ازالہ کیا، ٹیکس محتسب کے پاس 2023ء میں شکایات کے اندراج میں 24 فیصد اضافہ ہوا، ٹیکس محتسب کے پاس 2023ء میں شکایات 6480 سے بڑھ کر 8076 ہو گئیں، ٹیکس محتسب 60 دنوں میں ٹیکس حکام کی بدانتظامی کے خلاف مفت انصاف کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 400 ارب روپے کے اسلامک بانڈز فروخت کرنے کا اعلان
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ ٹیکس محتسب نے 2023 میں شکایات کا اوسطاً 44 دن میں ازالہ کیا، وفاقی ٹیکس محتسب عوام کو ریلیف فراہم کرنے والا ادارہ ہے، محتسب کے فیصلوں سے تنخواہ دار ملازمین ، پنشنرز اور گاڑیوں کے خریداروں کو ٹیکس ریلیف ملا۔
انہوں نے عارف علوی کو بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ملک کے مختلف شہروں میں نئے علاقائی دفاتر کھول رہا ہے، محتسب اپنی ہیلپ لائن ، سیمینارز سے آگاہی پھیلا کر رسائی بڑھا رہا ہے، ٹیکس محتسب نے سوشل میڈیا، موبائل کمپنیوں کی مدد سے عوامی آگاہی پیدا کی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محتسب ٹیکس دہندگان تک رسائی، شکایات کا اندراج بڑھانے کیلئے کوششیں مزید تیز کرے، فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کیلئے ٹیکس محتسب اور ایف بی آر کے درمیان تعاون بڑھانا ہوگا، وفاقی ٹیکس محتسب ٹیکس نظام میں بہتری لانے کے لیے کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس اور محصولات بڑھانے کیلئے پاکستان میں بہتر ٹیکس نظام ناگزیر ہے، محصولات میں اضافے سے معیشت بہتر ہوگی ، قرضوں پر انحصار کم ہوگا۔
صدر مملکت نے 17.74 ارب کے ریلیف ، 8,128 شکایات کا ازالہ کرنے پر محتسب کو سراہا، صدر مملکت نے شکایت کنندگان بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔