اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بریل رسم الخط بصارت سے محروم لوگوں کیلئے خودمختاری، آزادی اور شمولیت کی علامت ہے، بریل رسم الخط کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنا مساوی معاشرے کی تشکیل کیلئے اہم قدم ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بریل رسم الخط کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ بینائی سے محروم افراد کی علم تک رسائی بہتر بنانے کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے بریل رسم الخط کا دن منا یا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمگیر رسائی کے لیے متحد ہونا کوئی اعزاز نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی عزم کا عکاس ہے، بریل لمس پر مبنی رسم الخط سے کہیں بڑھ کر ہے، بصارت سے محروم افراد کی رسائی بڑھانے کی جانب پاکستان کی ترقی پسند کوششوں کو سراہتا ہوں، لوئس بریل کی ایجاد نے بینائی سے محروم لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدلیں۔
عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے بریل خواندگی اور رسائی بڑھانے کی جانب قابل ذکر عزم کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بینائی سے محروم افراد کیلئے مراکش معاہدے کی توثیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: صدر مملکت نے ماتحت عدالتی سروس ٹربیونل کی تشکیلِ نو کی منظوری دے دی
صدر مملکت نے کہا کہ مراکش معاہدے سے بینائی سے محروم افراد کو بریل رسم الخط، آڈیو اور بڑے پرنٹس میں لاکھوں کتابوں تک رسائی میں مدد ملے گی، تعلیمی اداروں اور لائبریریوں میں بریل رسم الخط شامل کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جامع ماحول کے لیے جدید تربیتی پروگرام شروع کیے ہیں، بریل رسم الخط سے پاکستان تعلیم، ادب، تربیت اور بحالی کے مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم معذوری کے حامل افراد کے حقوق کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں، یقین ہے کہ مل کر ہم ایسی دنیا بنا سکتے ہیں جہاں رکاوٹیں دور ہوں، سب کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں۔