لاہور: (دنیا نیوز) انجمن تاجران نے دو ماہ کے لیے ہر بدھ کو مارکیٹیں بند رکھنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کے باعث 2 ماہ کیلئے ہر بدھ کو مارکیٹیں بند کرنے کے فیصلے پر لاہور کے تاجروں کی بڑی تنظیم انجمن تاجران (رجسٹرڈ) کا شاہ عالم مارکیٹ میں ہنگامی اجلاس ہوا، صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے اجلاس کی صدارت کی۔
انجمن تاجران کے اجلاس میں لاہور کی تمام بڑی مارکیٹوں کے صدور نے حکومت پنجاب کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے، صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ یہ کونسی سموگ ہے جو صرف بدھ والے دن ہی پڑے گی؟۔
یہ بھی پڑھیں: تدارک سموگ مشن، پنجاب حکومت کا ہر بدھ کو لاہور بند رکھنے کا فیصلہ
صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں کو بند کرنے کے بجائے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں، چنگ چی رکشوں، بھٹوں کو بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان، بدترین مہنگائی کی وجہ سے کاروباری حالات پہلے ہی بہت خراب ہیں، خدارا معیشت کا پہیہ چلنے دیں، زبردستی فیصلوں کو مسلط نہ کیا جائے۔
مجاہد مقصود بٹ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ پنجاب حکومت بدھ کے روز مارکیٹوں کو بند کرنے کے فیصلے پر فوری نظر ثانی کرے۔