فواد حسن فواد سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، اداروں کی نجکاری بارے گفتگو

Published On 05 October,2023 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی، ملاقات میں نقصان میں جانے والے اداروں کی نجکاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

فواد حسن فواد اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات کے دوران نقصانات میں چلنے والے اداروں سے متعلق امور زیربحث آئے، وفاقی وزیر نے نجکاری سے متعلق امور میں عالمی بینک کے کرادر کو سراہا، انہوں نے کہا کہ نجکاری پروسس میں عالمی بینک اور دیگر اداروں کو شامل کیا جائیگا، وزیر نجکاری نے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کو نقصانات والے اداروں بارے آگاہ کیا۔

فواد حسن فواد نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری اولین ترجیح ہے جس کا نقصان اربوں روپے میں ہے، نجکاری کا مقصد نقصانات کا خاتمہ، آپریشنل کارکردگی بہتر کرنا ہے، ڈسکوز کی نجکاری سے متعلق ٹھوس حکمت عملی مرتب کر لی، ڈسکوز کے سالانہ نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے مزید کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری سے متعلق امور پر آئی ایف سی سے دو سیشن ہو چکے ہیں۔