معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، صدر مملکت

Published On 19 September,2023 05:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوانِ صنعت و تجارت کراچی کے وفد نے ملاقات کی، صدر مملکت نے ملاقات میں کہا بے روزگاری، معاشرے میں بڑھتے تناؤ کے خاتمے، خصوصی افراد کیلئے مواقع بڑھانا انتہائی ضروری ہے، معیشت میں خواتین کی شرکت بڑھانے جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا سماجی و اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے رضاکارانہ خدمات اور چیمبرز کی شمولیت ضروری ہے، بینکنگ سیکٹر اور سول سوسائٹی کی فعال شمولیت بھی ناگزیر ہے، سرکاری اور نجی شعبوں میں باہمی تعاون سے لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے، ملک میں ایک جامع معاشرے کی تشکیل بھی انتہائی ضروری ہے، کاروباری برادری کو خواتین اور خصوصی افراد کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔

صدر مملکت نے بینکنگ سیکٹر کی گزشتہ تین سالوں میں کامیابیوں کی تعریف کی، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا چیمبرز صنعتی شعبے میں خواتین کی 20 سے 25 فیصد ملازمت یقینی بنانے کے لئے فاسٹ ٹریک میکانزم تیار کریں، صدر نے ملک کے کچھ بینکوں میں خواتین کی 30 فیصد نمائندگی کو سراہا۔