لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے پر پھٹ پڑے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں سن کر شہریوں کی چیخیں نکل گئیں، عوام کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار اور قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ مزدور طبقے کیلئے زندگی گزارنا مزید مشکل ہوگیا ہے، مہنگائی کے اس دور میں اب زندگی بسر کرنا ممکن نہیں رہا، آئے روز ہر چیز کی بڑھتی قیمتوں نے پریشان کر رکھا ہے، بچوں کا پیٹ پالیں یا حکومت کو ٹیکس دیں، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے بعد مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
ادھر وکلاء برادری نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا۔
وکلاء نمائندوں کا کہنا تھا کہ عوام پریشان اور موجودہ سیٹ اپ سے تنگ ہیں، نگران حکومت کو چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کنٹرول کرے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں یکمشت 14 روپے 91 پیسے جبکہ ہائی سپید ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں بالترتیب 305 روپے 36 پیسے اور 311 روپے 84 پیسے ہوگئیں۔