نگران وزیراعظم سے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد کی ملاقات، مسائل سے آگاہ کیا

Published On 26 August,2023 08:17 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔

انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کے دوران وفد نے بلوچستان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کرنے کے ویژن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، وفد نے وزیراعظم کو بلوچستان میں کوئلے کی کان کنی کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے وفد کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

نگران وزیراعظم نے کمپنیوں کو کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی دورانِ کام حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے، کان کنی میں بین الاقوامی معیار کو ملحوظِ خاطر رکھے بغیر مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کئے جاسکتے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کوئلے کی کانوں میں مزدوروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں، اجلاس میں نگران وفاقی وزراء سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی، صوبائی وزراء بلوچستان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔