انوارالحق کاکڑ کی بلوچستان میں آمدن، روزگار بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت

Published On 26 August,2023 05:42 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بلوچستان میں آمدنی و روزگار کے ذرائع بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی کے نفاذ کی ہدایت کر دی۔

کوئٹہ میں نگران وزیراعظم کے زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، نگران وزیراعظم نے بلوچستان میں آمدنی و روزگار کے ذرائع بڑھانے کیلئے مؤثر حکمت عملی کے نفاذ پر زور دیا، وزیراعظم نے مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی کیلئے بجٹ اور اخراجات میں بہتر توازن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انوارالحق کاکڑ نے وسائل کے مؤثر ترین استعمال اور کم سے کم ضیاع پر زور دیا، نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان بالخصوص بلوچستان میں معدنیات کی کان کنی کی وسیع استعداد موجود ہے جس کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا بہترین مواصلاتی انفراسٹرکچر سے ہی بلوچستان کی معدنیات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیراعظم کو مجوزہ و جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے زیرصدارت اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان، نگران وزیر داخلہ، وزیر مواصلات، وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔