نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی دوبارہ پیداوار کا افتتاح

Published On 09 August,2023 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام مکمل ہونے پر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہو گئی۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے نیلم جہلم پراجیکٹ کا دورہ کیا، وفاقی سیکرٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی اور چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی اُن کے ساتھ تھے۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے نیلم جہلم پراجیکٹ سے بجلی کی دوبارہ پیداوار کا افتتاح کیا اور یاد گاری تختی کی نقاب کشائی کی، نیلم جہلم پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو 969 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔

خورشید شاہ نے کنٹرول روم اور پاور ہاؤس کا بھی تفصیلی دورہ کیا، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے بجلی کی پیداوار بحال ہونے پر واپڈا، پراجیکٹ ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ ٹیل ریس ٹنل میں بندش کے باعث نیلم جہلم پراجیکٹ سے گزشتہ سال بجلی کی پیداوار بند ہو گئی تھی، ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام کنسلٹنٹس کے زیر نگرانی اور بین الاقوامی ماہرین کی رہنمائی میں مکمل کیا گیا۔