اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایڈوائرزی کونسل نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیز ایڈوائرزی کونسل (او ایم سی اے سی) نے حکومت کو خط لکھا ہے جس میں شرح سود میں اضافے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
او ایم سی اے سی نے لکھا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کی مناسبت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں، کمپنیز کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل میں تقریباً 35 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے، ڈیزل درآمد کرنے کے لیے 90 فیصد اضافی اخراجات کی ضرورت ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ منظور شدہ ایل سیز کھولنے کی لاگت بھی کئی گنا بڑھ چکی ہے، ڈیزل درآمد کرنے کے لیے 90 فیصد اضافی اخراجات کی ضرورت ہے، موجودہ شرح مبادلہ کی بنیاد پر پٹرولیم کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے۔