اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار نے گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے حل کیلئے قائم کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے جلد از جلد حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، کمیٹی کے چیئرمین اشفاق یوسف تولہ، ایس ای سی پی کے چیئرمین، کنٹرولر جنرل پاکستان، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کے علاوہ خزانہ اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اشفاق یوسف تولہ نے اجلاس کو گیس سیکٹر میں گردشی قرضہ کی مقدار اور توانائی کے شعبہ میں گردشی قرضہ کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کے طریقہ کار اور فریم ورک سے آگاہ کیا، اجلاس میں ملک میں اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے توانائی کے شعبہ میں پائیداری کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے توانائی کے شعبہ کے مسائل بشمول گردشی قرضے کے حل کی حکومتی ترجیحات پر عمل درآمد پر زور دیا تا کہ اس شعبہ کے مالی استحکام اور ملک کی اقتصادی ترقی کویقینی بنایا جاسکے۔
وزیر خزانہ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں۔