تین عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو 4 ارب ڈالرز تک جلد ادا کرینگے: گورنر اسٹیٹ بینک

Published On 10 October,2022 09:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مالی مشکلات میں گھرے پاکستان کے لیے اچھی خبر آگئی اور گورنر اسٹیٹ بینک کہا کہ تین بڑے عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو 4 ارب ڈالرز تک جلد ادا کرینگے۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر اور ڈپٹی گورنر کی معاشی تجزیہ کاروں کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ تین عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو 4 ارب ڈالر دینگے، ایشیائی ترقیاتی بینک ڈیڑھ ارب ڈالر دیگا، ورلڈ بینک ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر دیگا اور ایشیائی انفراسٹرکچر بینک 50 کروڑ ڈالر دیگا، ڈیڑھ ارب ڈالر ادائیگی کے لیے 25 اکتوبر کو اے ڈی بی کا اجلاس ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حکومت نے 4 ارب ڈالرز کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی، اکتوبر کے پہلے دس دنوں میں 60 کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے ادا کیے، ڈالر کی قدر کو مصنوعی گرانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے ڈالر نہیں بیچے، سخت اقدامات اور افواہوں میں کمی کے باعث ڈالر کی قدر گری۔

معاشی تجزیہ کاروں کو بتایا گیا کہ جاری کھاتوں کے خسارے توقعات کے مطابق جی ڈی پی کے 3 فیصد رہینگے، رواں مالی سال مہنگائی سیلاب کے باعث 18 سے 20 فیصد رہے گی۔