حکومت کا پیاز اور ٹماٹر کی طلب پوری کرنے کیلئے ایران، افغانستان سے درآمد کا فیصلہ

Published On 30 August,2022 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پیاز اور ٹماٹر کی طلب کو پورا کرنے کیلئے ایران اور افغانستان سے درآمد میں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیر تجارت نوید قمر کی زیر صدارت سیلاب کے باعث ٹماٹر اور پیاز کی فصل کو شدید نقصان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیاز اور ٹماٹر کی طلب کو پورا کرنے کے لئے ایران اور افغانستان سے درآمد میں سہولت فراہم کی جائے۔

اجلاس کے دوران وزارت تجارت کے حکام نے تجویز دی کہ ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر لیویز اور ڈیوٹیز میں چھوٹ دی جائے۔ وزارت تجارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کو سمری پیش کرے گی۔

حکام نے مزید بتایا کہ فیصلے سے پیاز اور ٹماٹر کم قیمت پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے، ایران اور افغانستان سے درآمدات سے زرمبادلہ پر کم سے کم اثر پڑے گا، ٹماٹر اور پیاز کی درآمد سے قیمتوں میں استحکام اور مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔