اسلام آباد :(دنیا نیوز) حکومت نے غریب عوام پر بجلی گرانے کی بھی تیاریاں شروع کردی ہیں، قیمتوں میں فی یونٹ 7 روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بجلی ٹیرف میں 7 روپے فی یونٹ اضافے پر بات چیت ہوئی ہے، بجلی ٹیرف میں اضافہ 20 ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال میں بجلی ٹیرف بھی بڑھایا جائے گا، بجلی کی قیمت میں اضافہ یکم جولائی سے شروع کیا جائے گا، آئی ایم ایف نے 2600 ارب روپے کے بجلی کے گردشی قرض پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
جبکہ آئی ایم ایف نے بجلی کی منافع بخش تقسیم کار کمپنیوں کی فوری نجکاری کی بھی تجویز دیدی ہے، بجلی کی نقصان میں چلنے والی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویز دی گئی ہے
بجلی کی سرکاری کمپنیوں کے آڈٹ کیلئے نیپرا آڈیٹر جنرل کو معاونت فراہم کرے گا،دوسری جانب موجودہ حکومت پر سرکاری شعبے میں بجلی کارخانوں کی فوری نجکاری کا بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔