فیصل آباد میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ، انتظامیہ قابو پانے میں ناکام

Published On 15 May,2022 12:27 pm

فیصل آباد : (دنیا نیوز) فیصل آباد میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں دن بہ دن بڑھتی جارہی ہیں، ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔

مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ کر بے قابو ہوچکا ہے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہونے والا ہوش ربا اضافہ عوام کی جیبوں پر بھاری پڑرہا ہے، آٹا، چینی، گھی، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی فروخت ریٹ لسٹوں سے بھی زائد نرخوں پر کی جارہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہےانتظامیہ نےگرانفروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

ریٹ لسٹ کے مطابق لیموں 380 روپے کلو ہے جبکہ دکانوں پر لیموں 1200 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔ ٹماٹر 76 کی بجائے 120 ، سیب 260 کی بجائے 350، آڑو اسپیشل 130 کی بجائے 200 ،برائلر گوشت 407 کی بجائے 420 ، بکرے کا گوشت 1000 کی بجائے 1400 اور بڑا گوشت 500 کی بجائے 600 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا کہنا ہے گرانفروشوں کے خلاف جرمانوں اور سزاوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے، شہری کہتے ہیں حکومت تبدیل ہونے کے باوجود مہنگائی پر قابو نہیں پایا جاسکا۔