کراچی :(دنیا نیوز) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعظم کو لکھے گئے ایف پی سی سی آئی کے خط کے مطابق گرتے زرمبادلہ ذخائر اور مہنگائی کی صورتحال باعث تشویش ہے، غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی لگائی جائے، لاکرز میں رکھے ڈالرز کو بینکنگ چینل میں لانے کے لیے حکومت مراعات فراہم کرے۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ مہنگی ایندھن و بجلی عوام کو سستی بیچنے کی روش کو فوری ترک کیا جائے،، ایندھن و پٹرول پر دی جانے والی سبسڈی سے خزانے پر بوجھ پڑ رہا ہے، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات لیے جائیں اور صوبوں کو پٹرول کی کھپت کم کرنے کا پابند کیا جائے۔