پشاور: کم گیس پریشر سے گھریلو صارفین پریشان، سی این جی سٹیشنز پر بھی خواری

Published On 01 March,2022 08:47 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشرکے مسائل حل نہ ہو سکے، گھریلو صارفین جہاں پریشان ہیں تو وہیں سی این جی سٹیشنز کے سامنے بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

پشاور کے اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں سوئی گیس کا غائب ہونا معمول بن چکا ہے، شہریوں کو ایک طرف جہاں گھروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مسائل کا سامنا ہے تو وہیں سی این جی سٹیشنز کے سامنے بھی گیس کے حصول کے لیے گھنٹوں قطاروں میں انتظار کرنا پڑ رہا ہے، شہری کہتے ہیں حکومت اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

خیبرپختونخوا میں گھریلوصارفین کو ریلیف دینے کےلیے سی این جی سٹیشنز پر ہفتے میں تین دن پیر، بدھ اور جمعہ کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک گیس فراہم کی جارہی ہے جبکہ باقی دنوں میں مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاہم اس اقدام سے بھی گھریلو صارفین کو ریلیف نہیں مل رہا۔