کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک کی شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کرنے کے معاملے پر وزیر توانائی سندھ کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے سے پہلے سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا جائے۔
وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ معلوم ہوا وفاقی حکومت کے الیکٹرک شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کر رہی ہے۔ سندھ حکومت شنگھائی الیکٹرک اور کے الیکٹرک کو متنبہ کرتی ہے کہ کوئی بھی معاہدہ کرنے سے پہلے سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں ہوگا جس میں سندھ حکومت کی نمائندگی شامل نہ،وزیرتوانائی نے کہا سابق حکومت نے مذاکرات میں سندھ کا نمائندہ شامل کیا تھا، وفاق ہر معاملے کی طرح سندھ کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کر رہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت من مانے فیصلے کر کے اداروں کی فروخت کے فیصلے کر رہی ہے۔