پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں اربوں کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنیکا فیصلہ

Published On 19 January,2022 05:33 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چودھری، وزیر صنعت خسرو بختیار، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکت کی جبکہ گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جن شہروں کیلئے فنڈز جاری ہوں گے ان میں لاہور، راولپنڈی ،فیصل آباد، گوجرانوالا اور ملتان شامل ہیں جبکہ وزیراعظم نے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑے شہروں کی ترقیاتی سکیموں کے راستے میں رکاوٹیں دور کریں: وزیراعظم

ذرائع کے مطابق پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات 15 مئی سے شروع ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ مئی سے جون تک جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی مربوط پلان سے بلدیاتی انتخابات میں اترے گی اور پنجاب حکومت 5 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کرے گی۔ وفاقی حکومت فنڈز کے اجراء میں پنجاب حکومت سے تعاون کرے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ہم بڑے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بڑے شہرقومی معیشت کی ترقی کے حقیقی انجن ہیں، دیہی سے شہری علاقوں کی نقل مکانی کی وجہ سے شہروں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، بڑے شہروں میں رہائش، ملازمت کے مواقع اور شہری سہولیات کی کمی ہے، ان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکجز پر کام کو تیز کیا جائے اور مختلف ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔

پنجاب حکومت کا 15 مئی کو بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان

اس سے قبل وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے بلدیاتی نتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی پلان ترتیب دے دیا ، پندرہ مئی کو بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نئی لوکل گورنمنٹ کو مقامی حکومتوں کا با اختیار نظام دیں ۔اس سے پہلے کسی بھی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا، اداروں کے پاس اختیارات نہیں تھے۔ ارکان اسمبلی اور وزراء وہ کام کررہے ہیں جو بلدیاتی اداروں کا کام ہے ، وہ کبھی فنڈز کے پیچھے اور کبھی ٹھیکیدار کے پیچھے ہوتے ہیں۔ہمارا اصل کام عوامی مسائل کا حل اور قانون سازی ہے۔