پشاور: (دنیا نیوز) بلدیاتی انتخابات کے باعث پشاور میں پینا فلیکس اور پوسٹرز کے کاروبار میں تیزی آ گئی، پینا فلیکس اور پوسٹرز کے ریٹ بھی بڑھ گئے، پرنٹنگ پریس سے وابستہ دکاندار بھی کاروبار بڑھنے سے خوش ہیں۔
بلدیاتی انتخابات کے باعث ٹھپ کاروبارچل پڑے، پشاورمیں پرنٹنگ پریس اور پینا فلیکس کا کاروبارچمک اٹھا ہے، چھوٹے، درمیانے اور بڑے سائز کے پینا فلیکس اور پوسٹرز کے ریٹ میں بھی اضافہ بھی ہوگیا ہے۔
پشاور کے جنگی محلہ سمیت سکندر پورہ، جی ٹی روڈ ، نشتر آباد سمیت مختلف مقامات پر پرنٹنگ پریس اور پینا فلیکس کا کاروبار ایک بار پھر عروج پر پہنچ گیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بڑے سائز کے ہورڈنگ اور بورڈز پر پابندی کی وجہ سے پینا فلیکس کے ذریعے بینرز اور پول بینرز کی تیاری کا زیادہ رجحان ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے آغاز کیساتھ ہی کام بھی بڑھ گیا ہے، آرڈر پورے کرنے کے لیے اضافی لیبرکی مدد بھی لی جارہی ہے۔ پرامن ماحول میں انتخابات کا انعقاد جہاں شہریوں کے لیے فائدہ مند ہوگا تو وہیں سیاسی امیدواروں کے ساتھ کاروباری طبقے کے لیے بھی سود مند ثابت ہوگا۔