کوئٹہ میں آٹا، گھی، سبزی اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کی زندگی اجیرن

Published On 23 November,2021 01:28 pm

کوئٹہ : (دنیا نیوز) کوئٹہ میں آٹا، گھی، سبزی اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، کہتے ہیں مہنگائی نے منہ کا نوالہ ہی چھین لیا۔

کوئٹہ میں مہنگائی کا بڑھتا طوفان تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا جس کے باعث غریب عوام کے لئے اب دووقت کی دال روٹی پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ مارکیٹ سمیت پرچون کی دکانوں پر مختلف اقسام کی دالیں فی کلو 20 سے 50 روپے، گھی 350 روپے اور آٹے کی 20 کلو والی تھیلی 200 روپے اضافے کے ساتھ 14 سو روپے میں فروخت ہونے لگی۔

شہر میں مرغی کا گوشت 400 سے 480 روپے، مٹر 300 روپے کلو، ٹماٹر 100 روپے جبکہ بھنڈی کی قیمت 150 روپے کلو ہو گئی، مہنگائی سے پریشان شہری ایک وقت کی روٹی پوری کرنے کی تگ ودو میں لگے ہوئے ہیں۔

شہریوں کا گلہ ہے کہ ایک طرف مہنگائی تو دوسری طرف گراں فروشی نے جینا محال کردیا۔ ضلعی انتظامیہ غیر فعال پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرکے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرے تا کہ انہیں کچھ تو ریلیف مل سکے۔