پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کی مختلف قیمتوں نے انتظامی امور پر سوالات اٹھا دیئے

Published On 14 October,2021 01:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کی مختلف قیمتوں نے انتظامی امور پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے، بیس کلو آٹے کا تھیلا لاہور میں گیارہ سو، گوجرانوالہ میں تیرہ سو جبکہ ملتان اور فیصل آباد میں چودہ سو روپے تک پہنچ گیا، شہریوں نے قیمت کنٹرول نہ ہونے کو حکومت کی ناکامی قرار دیدیا۔

پنجاب میں انتظامی نااہلی سے آٹے کی یکساں قیمتوں پر عمل درآمد نہ ہو سکا، مختلف شہروں میں دکاندار آٹے کی من پسند قیمتیں وصول کرنے لگے، پرائس کنٹرول اتھارٹی اور گندم کا ایک جیسا کوٹہ جاری کرنے کی پالیسی بھی ناکامی سےدوچار نظر آنے لگی۔

صوبے بھر کی فلور ملز کو یومیہ 19 ہزار میٹرک ٹن گندم کا اجرا ہونے کے باوجود بھی قیمتیں ایک جیسی نہیں ہوسکیں۔ لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 ، راولپنڈی میں 1160 روپے ہے۔ گوجرانوالہ میں آٹے کا تھیلہ 1300 جبکہ فیصل آباد اور ملتان میں 1400 روپے میں فروخت ہورہا ہے، شہریوں نےبڑھتی قیمتوں کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیدیا۔

آٹے کی یکساں قیمت نہ ہونا کس کی کوتاہی ہے، اہم ترین پرمعاملے پر حکومت کی جانب سے نوٹس کیوں نہ لیا گیا، معاملے میں غفلت کہاں برتی گئی، حکومتی خاموشی سے کئی سوال کھڑے ہوگئے۔