روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اُڑان کا سلسلہ جاری

Published On 02 September,2021 04:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک مقامی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اُڑان کا سلسلہ تسلسل کیساتھ جاری ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 11 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 166 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 166 روپے 98 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 510.40 پوائنٹس کی بدترین مندی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 47 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور 100 انڈیکس 46903.06 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.08 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 16 کروڑ 83 لاکھ 49 ہزار 75 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث 90 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔