روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ :اسٹیٹ بینک سے اعدادوشمار کا اجرا شروع

Published On 04 July,2021 11:21 am

کراچی:(روزنامہ دنیا)اسٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی پیش رفت پر اعدادوشمار کا اجرا شروع کردیا، جون میں ریکارڈ رقم کی آمد ہوئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بینک دولت پاکستان نے اپنے اہم پالیسی اقدامات میں شفافیت لانے کے عزم کے ساتھ گزشتہ روز سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے ) کی پیش رفت کے بارے میں باقاعدگی سے اعدادوشمار جاری کرنے شروع کردیئے ہیں۔ آر ڈی اے میں شامل بینکوں کی انفرادی رپورٹوں پر مبنی اعدادوشمار یکجا کرکے ایک نئے ویب پیج پر عوام کو مہیا کردیئے گئے ہیں جو یہ ہے sbp.org.pk/RDA/Progress.html ماہانہ بنیاد پر اس ویب پیج کی تازہ کاری کی جاتی رہے گی۔ مارکیٹ کے شرکاء نے بھی اس مدت وار اپ ڈیٹ کی درخواست کی تھی۔

10 ستمبر 2020ء کو وزیر اعظم پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کیا تھا۔ تب سے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اس میں کافی دلچسپی کا اظہار ہوا ہے ۔ گزشتہ روز جاری کردہ نئے ویب پیج کے مطابق جون 2021ء تک دنیا بھر میں 171 ممالک سے 181556 اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں اور 1.562 ارب ڈالر ان اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے ہیں۔ ویب پیج پر کھولے گئے اکاؤنٹس کی تعداد، ڈپازٹس اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (این پی سیز) اور اسٹاک مارکیٹ کا ماہانہ رجحان دکھایا گیا ہے ۔