لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اور ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن نے سٹاک مارکیٹ کو مندی میں دھکیل دیا۔ ایک مرتبہ پھر 100 انڈیکس 233.75 پوائنٹس کم ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے بعد ملک بھر میں ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن کی باز گشت کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورت حال چھائی ہوئی ہے، مردان کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں ممکنہ طور پر لگنے والے مکمل لاک ڈاؤن کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا کیے ہوئے ہیں۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر بڑی مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 233.75 پوائنٹس کم ہو گیا جس کے بعد انڈیکس 45 ہزار 59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.52 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 14 کروڑ 9 لاکھ 15 ہزار 480 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔