ماہ رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، سبزیاں اور پھل سمیت اشیاء شہریوں کی قوت خرید سے باہر

Published On 18 April,2021 09:08 am

لاہور: (دنیا نیوز) ماہ رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو لگام نہ ڈالی جا سکی، سبزیاں اور پھل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو گئیں۔ شہری کہتے ہیں حکومت سٹورز میں سبسڈی تو دے رہی ہے، اوپن مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔

رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حکومتی وعدہ ایفا نہ ہو سکے، اوپن مارکیٹ میں ضروری اشیاء کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئیں۔

پشاورمیں مہنگائی اپنےعروج پر پہنچ گئی، سبزی منڈی میں مٹر 250 روپے، کچالو 100، لیموں 200 اور لہسن 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ ٹماٹر بھی 60 سے لیکر 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہری شدید پریشان ہیں، کہتے ہیں حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات اٹھائے۔

سبزیوں کی قیمتیں جہاں غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہورہی ہیں تو وہیں امرود 150 سے 200 لیکر روپے فی کلو، کیلا 150 روپے فی درجن اور کینو 200 سے 300 روپے فی درجن میں فروخت کیے جارہے ہیں۔