سی پیک اہم منصوبہ، ملک میں صنعتی پیداوارمیں اضافہ ہوگا: حماد اظہر

Published On 01 April,2021 09:45 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخزانہ حماد اظہرنے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے، منصوبہ سے ملک میں صنعی پیداوارمیں اضافہ ہوگا، توانائی اورمواصلات کے ڈھانچہ میں بہتری آئیگی اورخطے کے ساتھ روابط میں اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اقتصادی وصنعتی تعاون سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیرنجکاری میاں سومرو، چئیرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ، چین کے سفیرنونگ رونگ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری نجکاری کمیشن نے شرکت کی۔

چئیرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے چینی سفیر کو مواصلات اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں پیشرفت کو تیز کرنے کے ضمن میں چینی سفیر کو مکمل حمایت اورتعاون کا یقین دلایا۔

وزیرخزانہ حماداظہرنے کوروناوائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ویکسین کی فراہمی پرچین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل اورآزمائش کے وقت میں پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت اورمعاونت کی ہے۔ پاک چین دوطرفہ تعلقات پائیداردوستی اوربھائی چارے کا عکاس ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات نے کہاکہ سی پیک پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے، منصوبہ سے ملک میں صنعی پیداوارمیں اضافہ ہوگا، توانائی اورمواصلات کے ڈھانچہ میں بہتری آئیگی اورخطے کے ساتھ روابط میں اضافہ ہوگا، اس منصوبہ سے پاکستان اورخطے میں روزگاراورسرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم ہوں گے۔

وزیرخزانہ نے سی پیک کی چھتری تلے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ منصوبوں کی ڈیڈلائن میں بروقت تکمیل کواہمیت حاصل ہے کیونکہ اس صورت میں دونوں ممالک کے عوام کو اقتصادی فوائد پہنچیں گے اور مجموعی اقتصادی بڑھوتری اورترقی میں بھی مددملے گی۔

پاکستان میں چین کے سفیرنے بتایا کہ سی پیک چینی کمپنیوں کیلئے بہت اہمیت کاحامل منصوبہ ہے، چینی کمپنیاں مشترکہ اہداف اوردونوں اقوام کے خوشحال مستقبل کیلئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کووسعت دیں گی اوراسے مزید مضبوط کریں گی۔