لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر 593.25 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں لانگ مارچ ملتوی ہونے سمیت سیاسی افق پر چھائی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی، سرمایہ کاروں کی طرف سے ٹریڈنگ میں دلچسپی کے باعث پورے کاروباری روز بڑھوتری دیکھی گئی۔
ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 466.76 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی گئی، اس زبردست تیزی کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا جب سٹاک مارکیٹ میں 671.2 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 45540.63 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور کاروبار کا اختتام 593.25 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا، بڑھوتری کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 45450.31 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران تیزی کے باعث کاروبار میں 1.32 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 26 کروڑ 31 لاکھ 25 ہزار 791 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
سٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ زبردست تیزی کا تسلسل آئندہ چند روز میں بھی مل سکتا ہے، ملک بھر میں لانگ مارچ ہونے کے بعد انویسٹرز ٹریڈنگ میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی دیکھنے کو ملے گا جبکہ ممکنہ طور پر شرح سود میں کمی کی اطلاعات بھی سٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے۔