کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو رلا دیا، شدید گرمی میں مختلف علاقے بجلی کی طویل بندش کا شکار ہیں، شہر قائد میں طلب 3500 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔
حکومتوں کے نوٹس نا ہی سیاسی جماعتوں کے احتجاج کچھ کام نہ آئے، کراچی والوں کے لیے بجلی بحران کی آزمائشیں مزید بڑھ گئیں۔ رہائشی علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بندش کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔ شکایات زیادہ ہونے پر فالٹس دور کرنے میں بھی کے الیکٹرک کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب رہائشی علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ بجلی بندش کے بعد صنعتی علاقوں میں بھی طویل بجلی بندش شروع ہوگئی۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ صورتحال یہی رہی تو صنعتیں بند کر دیں گے۔ شہریوں نے کہا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، خدارا حکمران معاملے کا مستقل حل ڈھونڈیں۔