وزیراعظم کا نوٹس کام نہ آیا، حکومت ساڑھے 22 ماہ بعد بھی نئی تجارتی پالیسی لانے میں ناکام

Last Updated On 06 July,2020 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا نوٹس بھی کام نہ آیا-حکومت ساڑھے 22 ماہ بعد بھی نئی تجارتی پالیسی لانے میں ناکام ہو گئی، وزیر اعظم نے وزارت تجارت کو دس جولائی تک کی ایک اور مہلت دے دی ہے ۔

وزرات تجارت کے ذرائع کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے تجارتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیراعظم سے کچھ روز تاخیر کی اجازت مانگی تھی جس پر وزیر اعظم نے 10 جولائی تک مہلت دے دی۔

حکام وزارت تجارت کے مطابق تجارتی پالیسی رواں ہفتے منظوری کیلئے ای سی سی کو بھجوادی جائے گی جس کو بعد میں حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے حال ہی میں تجارتی پالیسی میں تاخیر کا نوٹس لیا تھا اور جون کے آخر تک منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ تاہم وزارت تجارت 30 جون تک پالیسی منظوری کیلئے پیش میں ناکام رہی اور مشیر تجارت نے وزیراعظم سے 10 جولائی تک وقت دینے کی درخواست کی جس کی وزیراعظم نے اجازت دے دی۔

حکومت نے رواں مالی سال کیلئے برآمدات کا ہدف 22 ارب 71 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز مقرر کیا ہے جبکہ ملکی برآمدات چار سال کی کم ترین سطح تک گرگئیں ہیں ۔ آخری تجارتی پالیسی گزشتہ حکومت کے دور میں 2015 میں 3 سال کے لیے معتارف کروائی گئی تھی