کرونا وائرس: ایک ہفتے میں دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹیں شدید مندی کی لپیٹ میں رہی

Last Updated On 14 March,2020 05:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل، کاٹن اور کوئلے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹیں شدید مندی کی لپیٹ میں رہی۔

کرونا وائرس کے سبب عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے، ایک ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت 21 فیصد کمی کے بعد 32 ڈالر 61 سینٹس فی بیرل اور برطانوی خام تیل کی قیمت تقریبا 27 فیصد کمی کے بعد 33 ڈالر 20 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

اس دوران عالمی منڈی میں کوئلے کی قیمت 2 اعشاریہ 3 فیصد کمی کے بعد 65 ڈالر 50 سینٹ فی ٹن جبکہ کاٹن کی قیمت 2 اعشاریہ 2 فیصد کمی کے بعد 71 سینٹس فی پاونڈ ہوگئی۔

دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔ جرمنی کی سٹاک مارکیٹ میں 17 اعشاریہ 6 فیصد کمی، اٹلی کی سٹاک مارکیٹ میں 17 اعشاریہ 6 فیصد کمی، جاپان کی سٹاک مارکیٹ میں 17 اعشاریہ 1 فیصد گراوٹ، امریکی سٹاک مارکیٹ 14 اعشاریہ 3 فیصد کمی دیکھی گئی۔

سنگاپور سٹاک مارکیٹ میں 13 اعشاریہ 2 فیصد کمی، تھائی لینڈ سٹاک مارکیٹ میں 13 اعشاریہ 2 فیصد گراوٹ، تائیوان سٹاک مارکیٹ 11 اعشاریہ 1 فیصد گر گئی، برطانوی سٹاک مارکیٹ میں 10 اعشاریہ 4 فیصد کمی اور ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں 8 اعشاریہ 1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔