ڈالر کے مقابلے روپیہ مضبوط ہونے لگا، امریکی کرنسی مزید 40 پیسے سستی

Last Updated On 27 August,2019 04:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر کے مقابلے روپیہ مضبوط ہونے لگا، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی مزید 40 پیسے سستی ہوگئی۔ دوسری جانب سٹاک ایکسچینج میں 64 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

حکومت کی جانب سے ڈالر کی نقل حمل پر کڑی نگرانی اور جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی کے اثرات نظر آنے لگے۔ ڈالر کی طلب کم ہوئی تو اس کے ریٹ بھی گرنے لگے۔

انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے کمی کے بعد 157 روپے 26 پیسے پر بند ہوا۔ انٹربینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قیمت کم ہونے لگی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 40 پیسے کمی کے بعد 157 روپے 40 پیسے پر فروخت ہوا۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق سخت قوانین اور جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی کے باعث ڈالر کے دام گھٹنا شروع ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوران ٹریڈنگ 500 پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھنے میں آئی، مگر اختتام پر 100 انڈیکس 64 پوائنٹس کے اضافے سے 30 ہزار 584 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔