اسلام آباد: (دنیا نیوز) ورلڈ بینک کے مطابق سالانہ 20 لاکھ افراد کو نوکریاں دینے کے لئے معاشی ترقی کی شرح 7 فیصد ہونا ضروری ہے۔
معیشت میں سست روی کے باعث رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح میں کمی کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں جبکہ مالی سال 18-2017ء معاشی ترقی کی شرح کئی عرصے کے بعد 5 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس سے قبل مالی سال 17-2016ء میں 5 اعشاریہ 4 فیصد، مالی سال 16-2015ء میں 4 اعشاریہ 6 فیصد اور مالی سال 15-2014 میں 4 اعشاریہ 1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
ملکی معیشت کا حجم 300 ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 19-2018ء میں معاشی ترقی کی شرح 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
معیشت کے حجم کو اگر آبادی سے تقسیم کیا جائے تو فی کس آمدن کا پتا چلایا جاتا ہے جو 18-2017ء میں 1629 ڈالر سے بڑھ کر 1640 ڈالر تک پہنچ گئی۔
ملکی مجموعی پیداوار میں خدمات کا حصہ 59 فیصد، انڈسٹری 21 فیصد اور زراعت کا 20 فیصد ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں ہر سال 20 لاکھ نئے افراد روزگار کے متلاشی ہو جاتے ہیں۔ اتنی بڑی افرادی قوت کو کھپانے کے لیے حکومت کو معاشی ترقی کی رفتار سالانہ 7 فیصد تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔