سوئی نادرن کے مختلف اداروں کے ذمہ واجبات 15 ارب تک پہنچنے کا انکشاف

Last Updated On 27 August,2018 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کے مختلف اداروں کے ذمہ واجبات 15 ارب 48 کروڑ روپے تک پہنچنے کا انکشاف، کمپنی نے گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 123 ارب روپے وصول کرنے ہیں۔

گردشی قرضوں کے بارے میں سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے سوئی نادرن گیس کمپنی کے ایم ڈی امجد لطیف نے بتایا کہ کمپنی نے واپڈا سے 5 ارب 50 کروڑ روپے وصول کرنے ہیں، مختلف صنعتوں کے ذمہ 7 ارب 68 کروڑ روپے کے واجبات ہیں جبکہ کمپنی نے صارفین سے 2 ارب 30 کروڑ روپے وصول کرنے ہیں۔

ایم ڈی سوئی نادرن کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت خرید اور فروخت میں فرق کی وجہ سے 230 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا نقصان ہو رہا ہے۔ گزشتہ پانچ سال سے گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے سے کمپنی کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

کنوینیر کمیٹی سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ بجلی اور گیس کی موجودہ قیمتیں صارفین کو چوری پر مجبور کرتی ہیں۔ انھوں نے سوئی نادرن کو ہدایت کی کہ وہ بہتر کارکردگی کے حامل آلات استعمال کرنے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔

سوئی سدرن گیس کے حکام نے بتایا کہ کمپنی نے کے الیکڑک سے 80 ارب روپے، سٹیل ملز سے 55 ارب اور ٹیکس ری فنڈز کی مد میں 50 ارب روپے وصول کرنے ہیں۔