عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

Last Updated On 26 August,2018 05:00 pm

کراچی:‌ (روزنامہ دنیا) ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 0.89 ڈالر، برنٹ کروڈ 1.04 ڈالر فی بیرل بڑھ گیا، پاکستان کے زیر استعمال عرب لائٹ کی قیمت 75.14 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

 عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، گزشتہ روز خام تیل بینچ مارک برنٹ کروڈ 1.04 ڈالر اضافے سے 76.13 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 0.89 ڈالر بڑھ کر 68.72 ڈالر فی بیرل پر جا پہنچا ہے۔ پاکستان کے زیر استعمال خام تیل عرب لائٹ کی قیمت بھی 0.59 ڈالر اضافے سے 75.14 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کروڈ مسلسل 7 ٹریڈنگ سیشنز میں گرنے کے بعد گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران 4 فیصد سے زائد جبکہ برنٹ خام تیل کی قیمت مسلسل 3 ہفتے تک کم ہونے کے بعد ایران پر عائد امریکی اقتصادی پابندیوں اور بڑھتی ہوئی امریکا، چین تجارتی جنگ کے تناظر میں ساڑھے 5 فیصد بڑھ گئی تھی۔

واضح رہے کہ امریکا نے 2015 میں ہوئے جوہری توانائی کے معاہدے سے علیحدگی کے بعد رواں ماہ ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں، ایران تیل پیدا کرنے والے ممالک میں تیسرا بڑا ملک ہے اور دنیا کو 25 لاکھ بیرل یومیہ خام تیل فراہم کرتا ہے جو عالمی کھپت کا 2.5 فیصد ہے۔

تیل کے عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی اقتصادی پابندیوں کے باعث ایران کی خام تیل کی برآمدات میں نمایاں کمی سے عالمی مارکیٹس میں تیل کی تسلسل سے فراہمی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے جو خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا بنیادی سبب ہے۔ ترک کرنسی لیرا کے گرنے سے پیدا ہونے والے عالمی بحران نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔