روپے کی قدر میں کمی، پٹرول، بجلی سمیت درآمدی اشیاء بھی مہنگی ہونے کا خدشہ

Published On 11 Dec 2017 06:14 PM 

گرتا ہوا روپیہ عوام پر بھاری پڑنے لگا، سونا 2 روز میں 300 روپے تولہ مہنگا، پٹرول، بجلی، دالیں، پتی، الیکٹرونکس مصنوعات اور دیگر درآمدی اشیاء بھی مہنگی ہونے کا خدشہ۔

کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر مضبوط جبکہ روپیہ مسلسل کمزور ہو رہا ہے۔ صرف 2 روز کے دوران ڈالر کی قدر لگ بھگ 3 روپے بڑھ چکی ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے نے مہنگائی کو دعوت دے دی ہے۔ اب پٹرول، ڈیزل، کھانے کا تیل، دالیں، چائے، خشک دودھ اور دیگر اشیاء سب کچھ مہنگا ہو جائے گا۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے سے پٹرول اور ڈیزل 1 روپے فی لٹر مہنگا اور کھانے کے تیل کی قیمت 10 روپے فی لٹر تک بڑھ سکتی ہے۔ دالیں 5 سے 7 روپے مہنگی ہو سکتی ہیں۔ چائے کی پتی 10 روپے کلو اور بچوں کے خشک دودھ کا ڈبہ 25 سے 30 روپے تک مہنگا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ رواں ماہ کے اختتام تک الیکٹرونکس آئٹمز، موٹر سائکل اور گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

ڈالر کی قدر میں اضافے سے جہاں ایک طرف تو مہنگائی میں اضافہ ہو گا وہیں ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ بھی بڑھے گا۔ ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافے سے غیرملکی قرضوں میں اب تک 300 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کا انٹر بینک ریٹ 4 سال کی بلندترین سطح پر، 108 روپے 41 پیسے کا ہو گیا