اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے قائم کی جانے والی کمیٹی کے سربراہ کے نام کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک خصوصی کمیٹی کے سربراہ ہونگے۔
انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات پر قائم کی جانے والی کمیٹی میں اراکین قومی اسمبلی اور سنیٹرز شامل ہونگے، حکومت اور اپوزیشن کے 12، 12 اراکین بھی خصوصی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔
حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے ممبران کے نام اسپیکر کو دے رکھے ہیں، سپیکر ایوان میں کمیٹی کا باضابطہ اعلان کریں گے، کمیٹی کا نوٹی فیکیشن جاری ہونے کے بعد کام شروع ہوگا، کمیٹی اپنے پہلے اجلاس میں ٹی او آرز طے کریگی۔
ادھر وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات میں عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام اور تشکیل سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کو برابر نمائندگی دی گئی ہے۔