این اے 174: دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسر طلب

Last Updated On 20 August,2018 04:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 174 بہاولپور میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسر اور کامیاب امیدوار مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کو 10 ستمبر کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔

 

الیکشن کمیشن کی رکن خیبر پختونخوا مسز ارشاد قیصرکی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے این اے 174 بہاولپور میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار پرنس بہاول عباس کے وکیل نے موقف اپنایا کہ حلقے میں کل ووٹ ایک لاکھ 94 ہزار 34 پول ہوئے، کامیاب امیدوار سید سمیع الحسن گیلانی کو 63 ہزار 884 ووٹ ملے جبکہ پرنس بہاول عباس کو 58 ہزار 92 ووٹ ملے، شکست کا مارجن 5 ہزار 792 جبکہ حلقے میں مسترد ووٹوں کی تعداد 6 ہزار 953 ہے۔

رکن الیکشن کمیشن مسز ارشاد قیصر نے ریمارکس دیئے کہ اب الیکشن ٹریبونلز کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، کیا درخواست گزار ٹریبونلز میں معاملے کو لے جانا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل نے کہا کہ درخواست الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 95 کے تحت دائر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 174 کے ریٹرنگ افسر اور کامیاب امیدوار سید سمیع الحسن گیلانی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔