لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کی ملاقات میں پنجاب میں وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں پر مشاورت ہوئی۔ رانا تنویر نے لائن آف ایکشن طے کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
لاہور میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے بڑوں کی بڑی بیٹھک، وفاق اور پنجاب میں جاری نمبرز گیم پر غور کیا گیا اور حکومت سازی کے تمام آپشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ 2 گھنٹے طویل ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت اہم عہدوں پر امیدواروں کی نامزدگیوں سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہے تمام جماعتیں مل کر چلیں گی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے پنجاب میں حکومت نہ بنانے کی ہدایت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر کا کہنا تھا کہ انہیں ایسی کسی ہدایت کا علم نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی صدر شہبازشریف، سردار ایاز صادق، خواجہ سعدرفیق اور دیگر جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ سمیت دیگر رہنماء ملاقات میں شریک تھے۔