'کاش ہم جشن آزادی کیساتھ شفاف الیکشن کے انعقاد کا جشن بھی مناتے'

Last Updated On 14 August,2018 11:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کاش آج ہم جشن آزادی کے ساتھ ساتھ شفاف الیکشن کے انعقاد کا جشن بھی منا رہے ہوتے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے قومی پرچم لہرایا اور مِلک و قوم کی خوشحالی کی لیے دعا کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوتے تو آج پورا ملک دوہری خوشیاں منا رہا ہوتا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اراکین کی خرید و فروخت کی منڈیاں اب بند ہونی چاہیے، پنجاب میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت ہے وزیراعلی اور سپیکر کے انتخاب میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے قومی پرچم لہرایا۔ میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے آزادی دلوانا ضروری ہے۔ یوم آزادی کی خوشیوں میں بھارتی ظلم کا شکار مظلوم کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھا جائے۔