عمران خان کا قومی اسمبلی کیلئے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ

Last Updated On 12 August,2018 10:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان نے آبائی حلقے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تقریب حلف برداری میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا، کپتان نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کی منظوری بھی دے دی۔

حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف کی مشاورت جاری، عمران خان نے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کیلئے تین نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا نام بھی 48 گھنٹے میں فائنل ہوجائے گا۔ سردار حسنین بہادر دریشک، مخدوم ہاشم حمید اور میاں اسلم اقبال کے نام زیر غور ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں کپِل دیو اور نوجوت سنگھ سندھو کی شرکت کی تصدیق بھی کی۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے ملکی بہتری کیلئے مختلف شعبوں میں ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر عطا الرحمان اور عبدالرزاق داؤد کو مشیر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ عمران خان سے شعیب سڈل کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ معروف صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کی اور معیشت کی بحالی کے لیے تجاویز پیش کیں۔