اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی، شاہ محمود وزیرخارجہ، فواد چوہدری وزیراطلاعات، پرویز خٹک وزیردفاع، فروغ نسیم وزیر قانون، شیخ رشید وزیر ریلوے اور خالد مقبول وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ہوں گے، کابینہ کل حلف اٹھائے گی.
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دی ہے جس میں 16 وزراء اور 5 مشیر شامل ہوں گے جبکہ وزراء کل اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔
عمران خان نے اپنی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ، پرویز خٹک کو وزیر دفاع، اسد عمر کو وزیر خزانہ و اقتصادی امور اور شیریں زاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دیا ہے۔ شفقت محمود کے پاس وزارت تعلیم اور قومی تاریخ و ادب ہوں گی، فواد چودھری وزیر اطلاعات، خسرو بختیار آبی وسائل جبکہ عامر کیانی وفاقی وزارت صحت کا قلمدان سنبھالیں گے۔
ایم کیو ایم کے فروغ نسیم وزیر قانون اور خالد محمود صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر ہوں گے۔ وزارت ریلوے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے سپرد کی گئی ہے جبکہ جی ڈی اے کی رکن اسمبلی فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ہوں گی۔
طارق بشیر چیمہ ریاستی و سرحدی امور کے وزیر ہوں گے، نورالحق قادری کو مذہبی و اقلیتی امور کی وزارت دی گئی ہے۔ غلام سرور خان کو پیٹرولیم ڈویژن سونپا گیا ہے جبکہ زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر ہوں گی۔
اس کے علاوہ شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیات اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم عمران خان وزارت داخلہ اور وزارت توانائی کا قلم دان اپنے پاس رکھیں گے۔