'عمران خان پہلے خطاب میں غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کا اعلان کریں گے'

Last Updated On 11 August,2018 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بابر اعوان نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اتحادیوں کیساتھ ملکر حکومت بنائیں گے۔

بابر اعوان نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اتحادیوں کیساتھ ملکر حکومت بنائیں گے، حلف برداری تقریب میں شام کوعمران خان اتحادیوں کو ڈنر دیں گے۔ عمران پہلے خطاب میں غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنے کا اعلان بھی کریں گے۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وقت ضائع کیے بغیرعملی اقدامات ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بعد پاکستان کا اب یوگنڈا، برونڈی کیساتھ موازنہ نہیں کیا جائے گا۔ نئی حکومت اور نئی کابینہ بالکل مختلف ہوگی، میرٹ پر بھرتیاں کریں گے، مختلف ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔لاریفارمز کے حوالے سے مشاورت ہو رہی ہے، مقدمات کا جلد فیصلہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام اداروں میں میرٹ کو یقینی بنائیں گے، تمام اداروں میں اقدامات نظرآئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے ڈپٹی اسپیکر کے نام پر مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کا اعلان عمران خان کریں گے۔ بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ عمران خان میانوالی کے حلقے کی نشست پاس رکھیں گے جبکہ باقی 4 حلقوں کی نشستیں چھوڑ دیں گے۔

اس موقع پر لودھراں کے چاچا پی ٹی آئی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے بتایا کہ لودھراں سے سایئکل پر بنی گالہ پہنچا ہوں، بنی گالہ پہنچتے ہوئے 7 دن لگے، عمران کی سپورٹ پر قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران کیوجہ سے پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔ عمران سے ملاقات ہو نہ ہو محبتیں لیکر اپنے گاؤں جاؤں گا۔