اسلام آباد: (دنیا نیوز) اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، الیکشن کمیشن کا ضمنی الیکشن میں ووٹ کی سہولت دینے کا فیصلہ، اکتوبر میں 25 سے زائد حلقوں میں میدان لگے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اکتوبر میں 25 سے زائد حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ اوورسیز پاکستانی انتخابات سے پہلے ویب سائٹ پر خود کو رجسٹرڈ کرائیں گے۔ 70 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ووٹ رجسٹرڈ کرانے کی سہولت ہوگی۔ ووٹ کی سہولت کا مقصد اوورسیز ووٹنگ کا تجربہ کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مستقل بنیادوں پر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ تجربے کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں پھر انتخابی میدان سجے گا، جس میں ملک بھر میں 25 سے زائد حلقوں میں ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔ قومی و صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بنا پر انتخابات نہیں ہوئے جبکہ 17 سے زائد سیٹیں ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی کے باعث خالی ہوں گی۔