انتخابی نتائج نے الیکشن کمیشن کی اہلیت پر سوالیہ نشان لگا دیا، شہباز شریف

Last Updated On 07 August,2018 11:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ملک کو بحرانی کیفیت سے نجات کیلئے باہر آ رہے ہیں، ہمارا احتجاج سسٹم میں خرابی کی بجائے بہتری کے لئے ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کا دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتخابی نتائج پر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے تحفظات اٹھائے، سیاسی جماعتوں کے تحفظات نے الیکشن کمیشن کی اہلیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا مقصد انتخابی نتائج کو بے نقاب کرنا ہے۔ احتجاج ہمارا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے۔ ہمارا احتجاج سسٹم میں خرابی کی بجائے بہتری کے لئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متنازع نتائج سے بننے والی حکومت کی اخلاقی ساکھ نہیں بن سکے گی۔ ہم ملک میں کسی قسم کا بحران طاری نہیں کرنا چاہتے بلکہ بحرانی کیفیت سے نجات کیلئے باہر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متنازع انتخابی نتائج صرف آر ٹی ایس کی ناکامی سے نہیں ہیں، ہمارے ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنوں سے باہر نکالا گیا، انتخابات کے دوران خوف وہراس کی فضا پیدا کی گئی۔ انتخابات دنیا میں استحکام کے لئے ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ملک میں انتخابات سے بحران پیدا ہوا، انتخابی نتائج کو مشکوک بنا کر پیش کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری کسی کو اٹھانا پڑے گی، فی الحال ہمارا احتجاج الیکشن کمیشن سے ہے۔ ضد اور ہٹ دھرمی کی گئی تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج ہو گا۔

صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم انتشار اور بحران طاری کرنے والے نہیں، الیکشن کمیشن کو بااختیار بنایا گیا، وہی بحران اور انتشار کا ذریعہ بنا۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاجی حکمتِ عملی پر اپوزیشن جماعتیں رابطے میں ہیں، آئندہ لائحہ عمل اپوزیشن کے متفقہ پلیٹ فارم سے دینگے۔ ہم نے ملک وقوم کیلئے بہت کچھ کیا ہے، ہمیں ٹارگٹ کرنے والے کیا ڈلیور کرتے ہیں؟ یہ وقت بتائے گا، ہم ملک وقوم کا مفاد یقینی بنانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔