این اے 131 لاہور پھر توجہ کا مرکز، ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج کی جائیگی

Last Updated On 07 August,2018 12:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج کی جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ریٹرنگ آفیسر محمد اختر بھنگو کی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ تین روز کے اندر گنتی کا عمل مکمل کر کے نتیجے کا اعلان کر دیا جائے گا۔

خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 میں عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر کو دی تھی، ریٹرننگ آفیسر نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کی کامیابی کو برقرار رکھا۔

عمران خان کو خواجہ سعد رفیق پر 680 ووٹوں کی برتری حاصل تھی لیکن مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد یہ برتری کم ہو کر 608 رہ گئی۔ جس پر خواجہ سعد رفیق نے مکمل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی جسے آر او نے مسترد کر دیا تھا۔