اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ جنرل نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن 7 اگست تک جاری کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے نتیجے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے ہونے والی مختلف قیاس آرائیوں کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اگست تک جنرل نشستوں سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اس کے بعد آزاد حیثیت سے کامیاب امیدواروں کو تین روز کا وقت ہو گا کہ وہ اگر کسی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو شامل ہو جائیں جس کی بنیاد پر 11 اگست تک خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اس نوٹیفکیشن کے بعد صدرِ پاکستان اور گورنرز قانون کے مطابق اسمبلیوں کے اجلاس طلب کریں گے۔