اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں نتائج بروقت بھجوانے کا نظام ناکام ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کو 25 کروڑ روپے کا معاوضہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو آر ٹی ایس سسٹم نہ چلنے کے باجود بھی نادرا کو 17 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے جبکہ فارم 45 کی تصویریں آئیں یا نہیں لیکن 8 کروڑ روپے پریزائیڈنگ افسران کو بھی دئیے جائیں گے۔
آر ٹی ایس کی تربیت پر آنے والے اخراجات الگ ہیں۔ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم نادرا کی جانب سے تیار کیا گیا اور چلانے کی ذمہ داری بھی نادرا کی تھی لیکن سسٹم پولنگ کی رات نتائج کا بوجھ برداشت نہ کر سکا۔ الیکشن نتائج میں تاخیر ہوئی جس کے باعث اپوزیشن جماعتوں نے دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کیے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آر ٹی ایس کی ناکامی کی صرف تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات کی جائے گی، جس کے بعد ایف آئی اے اور خفیہ اداروں سے بھی چھان بین کرائی جائیں گی۔ دوسری تحقیقات میں آر ٹی ایس کی ناکامی میں کسی بھی بدنیتی یا سازش کے عنصر کو بھی دیکھا جائے گا۔