وفاق میں حکومت سازی، مزید 2 آزاد ارکان کھلاڑی بننے کو تیار

Last Updated On 03 August,2018 05:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے تحریک انصاف کو مزید کامیابیاں ملنے جا رہی ہیں، دو مزید آزاد ارکان قومی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

 تحریک انصاف کے رہنما غلام مصطفے کھر کو ہرانے والے آزاد ایم این اے شبیر قریشی سے معاملات طے پاگئے۔ گھوٹکی سے نو منتخب آزاد ایم ایم این اے علی محمد مہر بھی کپتان کی ٹیم کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔ تحریک انصاف میں ان آزاد کی شمولیت سے آزاد ارکان کا نمبر 8 ہوجائے گا۔ 13 میں سے 6 آزاد پہلے ہی شامل ہوچکے ہیں۔

اس سے پہلے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں ثنا اللہ مستی خیل، غفار وٹو، صالح محمد، سید فخر اما م شامل ہیں۔ امجد کھوسہ اور عاصم نذیر بھی کپتان کے کھلاڑی بن چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں آزاد ایم این ایز کی تعداد 8 پر پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 2 آزاد ارکان قومی اسمبلی سے بات چیت جاری ہے۔